یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام بین الشعبہ جاتی ادبی مقابلوں کے سلسلے میں فوٹوگرافی مقابلے کا انعقاد

جمعہ 13 فروری 2026 23:07

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2026ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ریاض شاد ہم نصابی فورم کے زیرِ اہتمام بین الشعبہ جاتی ادبی مقابلوں کے سلسلے میں فوٹوگرافی مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے شرکت کرتے ہوئے اپنی فنی مہارتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا۔فوٹوگرافی مقابلے میں منصف کےفرائض آفیسر تعلقاتِ عامہ یونیورسٹی آف سرگودھا فیصل جاوید نے انجام دیئے۔

مقابلے میں شریک طلبہ نے کیمرے کی آنکھ سے یونیورسٹی آف سرگودھا کے علمی وتعلیمی ماحول، سرسبز و شاداب کیمپس اور یونیورسٹی کی مجموعی روح کو نہایت خوبصورتی سے اجاگر کیا۔نتائج کے مطابق تینوں پوزیشنیں کالج آف فارمیسی کے طلبہ نے حاصل کیں جن میں مناہل اقبال، حافظ محمد ارسلان اور عائشہ عابد شامل تھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طلبہ کے کام کو سراہتے ہوئے افسر تعلقات عامہ فیصل جاوید نے کہا کہ فوٹو گرافی محض تصویر کھینچنے کا نام نہیں بلکہ یہ مشاہدے کی باریکی، تخلیقی سوچ اور مؤثر پیغام رسانی کا فن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید دور میں فوٹوگرافی نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے بلکہ سماجی شعور اجاگر کرنے، مثبت رویوں کے فروغ اور معاشرتی مسائل کی نشان دہی میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ فیصل جاوید نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی جانب سے بنائی گئی تصاویر میں نہ صرف فنی مہارت بلکہ احساس، مشاہدے کی گہرائی اور مثبت پیغام بھی نمایاں تھا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریاض شاد ہم نصابی فورم دائم اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نصابی سرگرمیاں طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، انہوں نے طلبہ کو ہم نصابی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ یہی سرگرمیاں ان کی صلاحیتوں کو جِلا بخشنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :