گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج بہاولپور کے زیرِ اہتمام سالانہ اسپورٹس گالا 2026 کا انعقاد

ہفتہ 14 فروری 2026 21:09

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2026ء) گورنمنٹ صادق ایجرٹن گریجویٹ کالج بہاول پور کے زیرِ اہتمام سالانہ اسپورٹس گالا 2026 کا انعقاد 16 سے 18 فروری 2026 تک کالج کے اسپورٹس گراؤنڈ میں کیا جا رہا ہے۔ تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول کا مقصد طلبہ و طالبات میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا، کھیلوں کے ذریعے نظم و ضبط، ٹیم ورک اور مثبت مسابقت کے رجحان کو پروان چڑھانا ہے۔

پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر رانا عمران ارشد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسپورٹس گالا طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی تعلیمی اداروں میں یکساں اہمیت کی حامل ہیں، جو طلبہ میں خود اعتمادی، برداشت اور قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

پروگرام کے مطابق 16 فروری بروز پیر اسپورٹس گالا کی باقاعدہ افتتاحی تقریب منعقد ہوگی، جس کے بعد بوائز ایونٹس کا آغاز ہوگا۔ ان مقابلوں میں کرکٹ، رسی کشی، بیڈمنٹن اور ایتھلیٹکس شامل ہیں۔ ایتھلیٹکس کے مقابلوں میں 100 میٹر، 200 میٹر، 4×100 میٹر ریلے ریس، لانگ جمپ اور شاٹ پٹ کے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے، جن میں طلبہ اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔

17 فروری بروز منگل گرلز ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔ طالبات بھی انہی کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گی۔ انتظامیہ کے مطابق طالبات کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔18 فروری بروز بدھ کو فائنل مقابلے منعقد ہوں گے جن میں کرکٹ فائنل، رسی کشی کا فائنل اور اساتذہ کے لیے خصوصی دوڑ کے مقابلے شامل ہیں۔

اساتذہ کے لیے 100 میٹر ریس (میل) اور 50 میٹر ریس (فی میل) دو علیحدہ کیٹیگریز میں رکھی گئی ہیں، جس کا مقصد اساتذہ میں بھی صحت مند سرگرمیوں کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔کالج انتظامیہ کے مطابق اسپورٹس گالا کے دوران شائقینِ کھیل کے لیے بھی مناسب انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :