بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد کا سعودی معاونت سے نصب کیے گئے پینے کے پانی کے نئے واٹر کولرز کا افتتاح

پیر 16 فروری 2026 21:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2026ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی (آئی آئی یو آئی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے سعودی معاونت سے نصب کیے گئے پینے کے پانی کے نئے واٹر کولرز کا افتتاح کرتے ہوئے طلبہ سہولیات میں بہتری کے لیے انتظامی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ جامعہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس اقدام کے تحت پہلے مرحلے میں تینتیس واٹر کولرز نصب کیے گئے ہیں جن میں تین مرحلہ وار واٹر فلٹریشن یونٹس لگائے گئے ہیں تاکہ طلبہ، اساتذہ اور عملے کو صاف اور محفوظ پینے کا پانی فراہم کیا جا سکے۔

یہ یونٹس کمرشل آپریشنل معیارات کے مطابق تیار کیے گئے ہیں اور ان میں مضبوط پرزہ جات، موثر کولنگ سسٹم اور کمپریسرز، سٹوریج ٹینکس سمیت اہم حصوں کی وارنٹی شامل ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے کے بعد اگلے مرحلے میں مزید واٹر کولرز کی خریداری کا منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ کیمپس کے مختلف حصوں میں فلٹر شدہ پینے کے پانی تک رسائی کو مزید وسعت دی جا سکے۔

افتتاح کے موقع پر صدر جامعہ نے تعلیمی اور انتظامی بلاکس میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور فلٹر شدہ پانی کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی بہتری جامعہ کے ترقیاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے اور یہ براہ راست طلبہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ تقریب میں متعلقہ جامعہ حکام بھی موجود تھے جنہوں نے منصوبے کی نگرانی اور عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ صدر جامعہ نے ادارہ جاتی استعمال کے لیے بروقت تکمیل اور موثر ہم آہنگی پر انتظامی ٹیم کی پیشہ ورانہ وابستگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :