سرسید یونیورسٹی کے وفد کی سپارکو کمپلیکس میں منعقدہ 2 روزہ کیپسٹی بلڈنگ ہینڈ آن ٹریننگ اسپیس کیمپ میں شرکت

جمعرات 19 فروری 2026 17:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2026ء) سپارکو کے ریزالو (RESOLVE)ساتھ کے زیرِ اہتمام ڈیزائن، بِلڈ اینڈ لانچ یور فرسٹ سیٹلائٹ'' کے موضوع پر دو روزہ کیپیسٹی بلڈنگ ہینڈ آن ٹریننگ اسپیس کیمپ کا انعقادسپارکو کمپلیکس میں کیا گیا۔سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے ایک وفد نے مذکورہ کیمپ میں شرکت کی۔وفد کے ارکان میں ڈاکٹر امبر اسرار، انجینئر سید فہد اکبر علی، انجینئرمحمد یاسر ذہین، انجینئر یمنا شکیل، اور انجینئرسید محمد حسن دانش شامل تھے۔

۔ کیمپ میں شرکا کو سیٹلائٹ ٹیکنالوجی کے عملی مظاہر پیش کئے گئے جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ تیزی سے ترقی اور وسعت حاصل کرنے والا یہ شعبہ قوم کے روشن مستقبل کے لیے بڑا پوٹینشل رکھتاہے۔سرسید یونیورسٹی کے چانسلر، اکبر علی خان نے تحقیقی سرگرمیوں کا سلسلہ مستقل جاری رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیاں جدید سائنسی تحقیق کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں اور آج کل، دنیا بھر میں مختلف ادارے اور یونیورسٹیاں خلا ئی ٹیکنالوجی پر تحقیق کر رہی ہیں جو دورِ حاضر کا ایک اہم شعبہ بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس ٹیکنالوجی کی ترقی نے دنیا بھر میں مواصلات، موسمیاتی پیشگوئی، زمین کی نگرانی، اور سائنسی تحقیق کے نئے دروازے کھولے ہیں۔ ہمیں بھی اس شعبے میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ اپنے ملک کی ترقی میں حصہ ڈال سکیں۔سیٹلائٹ کی ڈیزائننگ ایک پیچیدہ عمل ہے اور اس کی ڈیزائننگ میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہم ہے۔

اورک (ORIC) کے ڈائریکٹر، فہد فاروق نے سرسید یونیورسٹی کے وفد کی خلائی کیمپ میں شرکت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرسید یونیورسٹی کی کیمپ میں شرکت اس بات کی غماز ہے کہ جامعہ سرسید خلائی سائنس اور سیٹلائٹ ٹیکنالوجی میں جدت کو فروغ دینے کے معاملے میں نہ صرف سنجیدہ ہے بلکہ ہمارے اس عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ سرسید یونیورسٹی کے طلبا تیزی سے ترقی کرنے والے اس شعبہ میں مہارت حاصل کریں خاص طور پر جب خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی میں ہنر مند پیشہ ور افراد کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

آخرمیں کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام ارکان کوان کی محنت اور لگن کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ دیے گئے۔اختتامی تقریب میں ST کے ڈائریکٹر جنرل اور سپارکو RESOLVE کے حکام نے سرسید یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا اور خلائی سائنس میں جدت کو فروغ دینے اور STEM پر مرکوز تحقیق اور ترقی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے ان کی کاوشوں اور عزم کی تعریف کی۔