وزیراعلی خیبر پختونخوا کو بانی کی رہائی کی فکر ہے، ان کی زیر نگرانی صوبہ میں روزانہ شہادتیں ہورہی ہیں، آفتاب شیرپاؤ

بدھ 25 فروری 2026 17:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2026ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین و سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کو بانی کی رہائی کی فکر ہے لیکن ان کی زیر نگرانی صوبہ میں روزانہ شہادتیں ہورہی ہیں۔

(جاری ہے)

بدھ کو قومی وطن پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں سربراہ قومی وطن پارٹی آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ کوہاٹ میں پولیس وین پر شدت پسندوں کے حملہ اور شہادتوں سے علاقہ میں قیامت گزر گئی، ڈی ایس پی و دیگر پولیس جوانوں کے جنازہ میں کوئی عوامی نمائندہ نظر نہیں آیا جبکہ وزیراعلیٰ اسلام آباد میں جاری دھرنے میں مصروف رہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے حالات دن بدن خراب ہورہے ہیں اور اس کا سدباب کرنا ضروری ہے۔آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کو بانی کی رہائی کی فکر ہے لیکن ان کی زیر نگرانی صوبہ میں روزانہ شہادتیں ہورہی ہیں اور پولیس و بے گناہ لوگ قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو پولیس اور عوام میں مایوسی پھیلے گی جس سے حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔