جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی اسکالر آمنہ نواز کی پی ایچ ڈی ڈگری مکمل

بدھ 11 مارچ 2026 21:49

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2026ء) جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی اسکالر آمنہ نواز نے پی ایچ ڈی ڈگری مکمل کرلی۔گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کی ایک اور باصلاحیت اسکالر نے اپنی پی ایچ ڈی کی ڈگری کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی ہے۔ شعبۂ اُردو کی محققہ آمنہ نواز نے ’’پاکستانی خواتین شعرا کی نظموں میں فکری و فنی اشتراکات اور امتیازات کا تجزیاتی مطالعہ‘‘ کے عنوان سے اپنا تحقیقی مقالہ پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔

یہ تحقیقی کام ڈاکٹر طاہر طیب کی زیرِ نگرانی مکمل ہوا، اور ان کی نگرانی میں مکمل ہونے والا یہ تیسرا پی ایچ ڈی مقالہ ہے۔ اس تحقیق میں پاکستانی خواتین شعرا کی نظموں کا فکری اور فنی حوالوں سے تقابلی و تجزیاتی مطالعہ پیش کیا گیا ہے، جس میں ان کے موضوعات، اسالیب اور ادبی رجحانات کا مفصل جائزہ لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تحقیق خواتین شاعرات کی تخلیقی بصیرت، سماجی شعور اور ادبی اظہار کی مختلف جہات کو اجاگر کرتی ہے۔

مقالے کے بیرونی ممتحنین پروفیسر ڈاکٹر نسیم عباس احمر اور پروفیسر ڈاکٹر مشتاق عادل تھے، جنہوں نے تحقیقی کام کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اسے علمی و تحقیقی اعتبار سے اہم اور قابلِ قدر قرار دیا۔ ادبی و علمی حلقوں نے بھی اس کاوش کو اردو ادب میں خواتین شاعرات کی فکری و فنی جہات کو اجاگر کرنے کی ایک نمایاں پیش رفت قرار دیا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے مقالہ نگار آمنہ نواز، نگرانِ مقالہ ڈاکٹر طاہر طیب اور شعبۂ اُردو کو اس نمایاں کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی معیاری تحقیقات نہ صرف اردو ادب کے علمی سرمائے میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ خواتین محققین کی علمی صلاحیتوں کو بھی نمایاں کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور خواتین کی اعلیٰ تعلیم میں نمایاں کردار ادا کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :