یو ای ٹی لاہور میں شعبہ اسلامک اسٹڈیز کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب

بدھ 18 مارچ 2026 16:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2026ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز کے توسیعی منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی،جس کا افتتاح وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے کیا۔ایلومنائی کے تعاون سے شروع ہونے والے اس منصوبے پر تقریبا80 ملین روپے لاگت آئے گی۔ تین منزلہ اسٹیٹ آف دی آرٹ عمارت جدید سہولیات سے آراستہ ہوگی،جس میں دفاتر کے علاوہ چار کلاس رومز، ایک کانفرنس روم اور ایک آڈیٹوریم شامل ہوگا۔

کلاس رومز میں ملٹی میڈیا،جدید ساونڈ سسٹم اور تھیٹر طرز کی نشستوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔واضح رہے کہ ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک اسٹڈیز میں بی ایس اسلامک اسٹڈیز ود اسپیشلائزیشن اِن کمپیوٹر ٹیکنالوجی،ایم فل (مارننگ و ایوننگ) کے علیحدہ پروگرامز اور پی ایچ ڈی پروگرام جاری ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، اسلامیات اور فہم القرآن یو ای ٹی کے ہر شعبے میں لازمی مضمون کے طور پر پڑھائے جاتے ہیں۔

ڈیپارٹمنٹ کے نئے پروگرامز اور طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اس کی توسیع ناگزیر ہو چکی تھی۔وائس چانسلر نے منصوبے کے معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے ایک عظیم نیکی قرار دیا اور کہا کہ یہ ان کے لیے صدقہ جاریہ ثابت ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ رمضان المبارک کے بابرکت دن سے شروع ہونے والے اس منصوبے میں اللہ تعالی خصوصی برکت عطا فرمائے گا۔اس موقع پر ڈیپارٹمنٹ کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر قاسم کی خدمات کو بھی سراہا گیا،جنہوں نے ڈونرز کی تلاش اور انہیں اس منصوبے کے لیے آمادہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔تقریب میں رجسٹرار، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، سربراہانِ شعبہ جات اور پی ڈی ڈائریکٹرز بھی شریک تھے۔