ملک کے 24 کروڑ عوام نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں

منگل 24 مارچ 2026 19:38

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2026ء) سابق چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ 24 کروڑ عوام نظریاتی سرحدوں کے دفاع کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم یوم پاکستان کے موقع پر سینئر صحافی خواجہ بابر سلیم محمود کی 41 سالہ صحافتی خدمات کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ چکوال پریس کلب عوام کے مسائل کی نشاندہی میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے جبکہ خواجہ بابر سلیم محمود نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران صحافت کے میدان میں اہم خدمات سرانجام دی ہیں۔اس موقع پر مذہبی سکالر مولانا محمود الحسن غضنفر نے خواجہ بابر سلیم محمود کو شیلڈ ایوارڈ پیش کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے سابق صوبائی وزیر راجہ یاسر سرفراز، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل آف پاکستان راجہ ضمیر الدین، ڈاکٹر پروفیسر ارشد محمود، ملک صفی الدین صفی، ذوالفقار میر اور سینئر صحافی حسن مرتضیٰ راہی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور مقررین نے خواجہ بابر سلیم محمود کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے خطاب میں خواجہ بابر سلیم محمود نے کہا کہ چکوال پریس کلب ضلع میں قانون کی بالادستی، انسانی حقوق کے تحفظ اور مظلوموں کے مسائل اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔