صوبائی وزیر زراعت سے چینی قونصل جنرل کی ملاقات،باہمی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر تبادلہ خیال

منگل 31 مارچ 2026 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2026ء) چین کے قونصل جنرل سن ین نے ایگریکلچر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی سے اہم ملاقات کی، جس میں لائیو سٹاک سیکٹر میں سرمایہ کاری، باہمی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ کسان کارڈ اور لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے کاشتکاروں کی مالی مشکلات کم کر کے انہیں معاشی طور پر مستحکم بنایا جا رہا ہے جبکہ لائیو سٹاک سیکٹر میں موجود وسیع پوٹینشل اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھی چینی وفد کو آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک احمد عزیز تارڑنے پاکستان اور چین کے تعاون سے جاری پائلٹ پراجیکٹ کے تحت قائم کامیاب ڈیزیز کنٹرول کمپارٹمنٹ بارے بریفنگ دی، جو رائل گروپ چین کا اہم منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے چینی وفد کو ڈیری اور میٹ سیکٹر میں ویلیو ایڈیشن اور سرمایہ کاری میں دلچسپی پر خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ پاکستان پہلے ہی بوائلڈ گوشت برآمد کر رہا ہے اور فروزن میٹ کی ایکسپورٹ کے فروغ کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں جبکہ چینی وفد نے بریڈ امپروومنٹ اور جینومکس میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔

مزید برآں کاشتکاروں کی سہولت کے لیے 4 ایگری مالز قائم کیے جا چکے ہیں اور لائیو سٹاک کے شعبے میں منہ کھر بیماری سے محفوظ جانوروں کے لیے 8 کمپارٹمنٹس کے قیام پر کام جاری ہے، جس سے بیماریوں کے کنٹرول اور برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین سمیت دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔