سوات میں شفافیت اور بہتر نظم و نسق کیلئے ضلعی رابطہ کمیٹی قائم

اتوار 5 اپریل 2026 17:25

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2026ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس سوات نعمت اللہ خان کے زیر صدارت شفافیت اور بہتر نظم و نسق کے قیام کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلعی سطح پر کثیر الجہتی اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ضلعی رابطہ کمیٹی کے قیام کا باضابطہ اعلان کیا گیا، اجلاس کا اہتمام کاروان سماجی تنظیم نے ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک گورننس کے سیف میڈیا پراجیکٹ کے تحت کیا، جس میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی نعمت اللہ خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوات شفافیت کے ویژن پر مکمل عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے اور عوام کو یقین دلاتی ہے کہ ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ گڈ گورننس کے عمل کو ہر سطح پر مضبوط بنایا جا سکے، اجلاس میں متحدہ انتظامی رابطہ پروٹوکول بھی تشکیل دیا گیا جس کے تحت اب ہر محکمہ کسی بھی واقعے یا خبر پر سرکاری ردعمل دیتے وقت ڈی سی سوات آفس کو اس کی کاپی ارسال کرنے کا پابند ہوگا، رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے سیکشن پانچ کے تحت تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے فرائض، افسران کی فہرست اور بجٹ تفصیلات اپنی ویب سائٹس یا نوٹس بورڈز پر نمایاں کریں تاکہ شہریوں کو معلومات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے، ڈی سی آفس ہر تین ماہ بعد اس عمل کی نگرانی کرے گا، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی درخواست کا تعلق کسی دوسرے محکمہ سے ہو تو اسے فوری متعلقہ دفتر منتقل کر کے درخواست گزار کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکر نہ لگانے پڑیں، اے ڈی سی نعمت اللہ خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔