جہانگیرترین کا نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کو بیرون ممالک تعلیم کے حصول کیلئے ہر طرح کی معاونت دینے کا اعلان

منگل 19 مئی 2026 23:43

جہانگیرترین کا نمایاں کارکردگی کے حامل طلبہ کو بیرون ممالک تعلیم کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2026ء) جہانگیر خان ترین نے گورنمنٹ پروگریسیو گرلز ہائی سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا۔ اس افتتاح کے بعد محض ایک ماہ کے دوران جہانگیر خان ترین کی جانب سے لاہور میں چھٹی کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ لیب ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے تقریباً 10ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جس کا مقصد طالبات کو جدید اور معیاری ڈیجیٹل تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ہم نے ایک ایسی لیب بنائی ہے جو ایلیٹ سکولز کی لیبز کے معیار کا مقابلہ کرتی ہے تاکہ کم آمدن والے طبقات کے بچوں کو بھی وہی سہولیات اور مواقع حاصل ہوں جو معاشرے کے خوشحال طبقے کے بچوں کو میسر ہیں۔

(جاری ہے)

امیر اور غریب بچوں کو یکساں مواقع کی فراہمی ایک بنیادی حق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری ہمیشہ سے خواہش اور ترجیح رہی ہے کہ تعلیم کے شعبے میں کام کیا جائے، خاص طور پر ایسے طلباء کے لیے جو محدود وسائل رکھتے ہیں۔

ڈیجیٹل ایجوکیشن ہی ہمارے بچوں کے مستقبل کو محفوظ اور روشن بنا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف کمپیوٹر لیب کی تعمیر کافی نہیں بلکہ ایک ایسا ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے جو طلباء کی سیکھنے اور سمجھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنائے۔جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ انہوں نے مشاہدہ کیا ہے کہ چاہے سکول لاہور میں ہوں یا جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں میں، کم وسائل والے تعلیمی اداروں کو تقریباً یکساں مسائل کا سامنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترین ایجوکیشن فائونڈیشن کے تعلیمی منصوبوں کا مقصد ایسی تعلیم کی فراہمی ہے جو صنعتوں کی ضروریات سے ہم آہنگ ہو تاکہ طلبا مستقبل میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔جہانگیر خان ترین نے مزید کہاکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا اگر بیرونِ ملک جامعات میں داخلہ حاصل کرتے ہیں تو ترین ایجوکیشن فائونڈیشن ان کی معاونت، رہنمائی اور ممکنہ سہولیات فراہم کرے گی تاکہ باصلاحیت نوجوان عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

تقریب میں موجود چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی طارق محمود نے جہانگیر خان ترین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات تعلیمی شعبے میں درست سمت کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہانگیر خان ترین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے سرکاری سکولوں اور وہاں زیر تعلیم بچوں کی ضروریات کو ترجیح دی۔