نسٹ کے زیرِ اہتمام ’’اوپن ہاؤس اینڈ جاب فیئر 2026‘‘کے انعقاد کا اعلان

جمعرات 9 اپریل 2026 22:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2026ء) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کے زیرِ اہتمام ’’اوپن ہاؤس اینڈ جاب فیئر 2026‘‘ کے انعقاد کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کا مقصد ابھرتے ہوئے انجینئرز کو قومی و بین الاقوامی صنعتوں سے جوڑنا اور نوجوان ٹیلنٹ کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اہم تقریب 6 مئی کو کالج آف الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کیمپس میں منعقد ہوگی جس میں ملک بھر کے ممتاز تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل طلبہ، انجینئرز اور آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔ اس موقع پر قومی و بین الاقوامی انجینئرنگ اور آئی ٹی کمپنیوں کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ وہ براہِ راست طلبہ سے رابطہ قائم کر سکیں اور اپنی افرادی قوت کے لئے موزوں امیدواروں کا انتخاب کر سکیں۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد طلبہ کو عملی دنیا کے تقاضوں سے روشناس کرانا، صنعت و جامعہ کے درمیان روابط کو فروغ دینا اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ اوپن ہاؤس کے دوران طلبہ اپنے فائنل ایئر پراجیکٹس بھی پیش کریں گے جس سے ان کی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ سامنے آئے گا۔دلچسپی رکھنے والے امیدواروں اور کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فراہم کردہ آن لائن لنک یا کیو آر کوڈ کے ذریعے رجسٹریشن مکمل کریں۔

مزید معلومات کے لئے کالج انتظامیہ کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر اور ای میل بھی جاری کئے گئے ہیں۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے ایونٹس نہ صرف طلبہ کے لئے کیریئر کے نئے دروازے کھولتے ہیں بلکہ ملکی معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :