کراچی: امتحانی مرکز پر چیئرمین میٹرک بورڈ کا چھاپہ، سینٹر سپرٹنڈنٹ معطل

بدھ 15 اپریل 2026 17:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2026ء) چیئرمین میٹرک بورڈغلام حسین سوہو نے پیسوں کے عوض نقل کی شکایت پر گورنمنٹ سیکنڈری اسکول نمبر 1، پی ای سی ایچ ایس میں سینٹر سپرٹنڈنٹ کو معطل کردیا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین میٹرک بورڈ غلام حسین سوہو نے ہائی پاور ویجیلنس کمیٹی کے ہمراہ گورنمنٹ سیکنڈری اسکول نمبر 1، پی ای سی ایچ ایس کا اچانک دورہ کیا اور بدانتظامی پر سخت ایکشن لیا۔

چیئرمین میٹرک بورڈ نے بتایا کہ مذکورہ سینٹر کے حوالے سے اساتذہ اور والدین کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں، ان شکایات میں یہ سنگین انکشاف کیا گیا تھا کہ امتحانی مرکز میں پیسوں کے عوض نقل کرائی جا رہی ہے۔موقع پر موجود شواہد اور شکایات کی بنیاد پر چیئرمین نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سینٹر سپرٹنڈنٹ امین خاصخیلی کو معطل کر دیا اور ان کی جگہ چوہدری عبدالحئی کو نیا سینٹر سپرٹنڈنٹ تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ دوپہر کی شفٹ کا پرچہ بھی نئے سپرٹنڈنٹ چوہدری عبدالحئی کی نگرانی میں ہی منعقد ہوگا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین میٹرک بورڈ نے واضح کیا کہ امتحانات میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ "نقل کی روک تھام کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رہے گی۔ جو بھی عنصر نقل یا بدعنوانی میں ملوث پایا گیا، اس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔