چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مرحوم کی قرآن خوانی میں شرکت

اتوار 19 اپریل 2026 11:47

اسلام آباد/ ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2026ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت معروف سیاسی شخصیات نے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مرحوم کی قرآن خوانی میں شرکت کی ہے۔ قرآن خوانی کی تقریب مرکزی عید گاہ ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق اس موقع پر سجادہ نشین دربار حضرت موسیٰ پاک شہید سید ابوالحسن گیلانی کی جانب سے اجتماعی دعا کرائی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔ تقریب میں قومی و صوبائی قیادت اور معززین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر سردار حسام الدین کھوسہ کی دستاربندی کی گئی اور انہیں قبیلے کا چیف مقرر کیا گیا۔ واضح رہے کہ مرحوم ذوالفقار کھوسہ مدبر، باوقار اور اصول پسند رہنما تھے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ مرحوم ذوالفقار کھوسہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،کھوسہ خاندان کی سیاسی و عوامی خدمات قابلِ قدر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے رہنما قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔