یو ای ٹی لاہور میں گرین کیمپس مہم کا آغاز، وائس چانسلر نے پودا لگا کر افتتاح کر دیا

پیر 20 اپریل 2026 16:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2026ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور کو گرین کیمپس بنانے کی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر ڈاکٹر ناصر حیات، تمام فیکلٹیز کے ڈینز، مختلف شعبہ جات کے چیئرمین، اور ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سربراہان نے بھرپور شرکت کی۔

ترجمان یونیورسٹی کیمطابق مہم کے آغاز کے ساتھ ہی یونیورسٹی کے کوریڈورز، مین گیٹ کے دائیں اور بائیں جانب پھل دار، پھول دار اور سایہ دار درخت لگائے گئے، جس کا مقصد کیمپس کو سرسبز و شاداب بنانا اور ماحول کو بہتر بنانا ہے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ درخت ماحولیات کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، یہ نہ صرف آکسیجن پیدا کرتے ہیں بلکہ فضا کو صاف رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں، جو ایک صحت مند معاشرے کیلئے نہایت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ڈیپارٹمنٹس میں اس شجرکاری مہم کو بھرپور انداز میں جاری رکھیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شجرکاری کے ساتھ ساتھ پودوں کی حفاظت اور نگہداشت کی ذمہ داری بھی ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔وائس چانسلر نے طلبا، اساتذہ اور یونیورسٹی کے تمام ملازمین کو ہدایت کی کہ وہ پودوں کی نشوونما اور دیکھ بھال میں اپنا فعال کردار ادا کریں تاکہ یو ای ٹی کو حقیقی معنوں میں ایک گرین کیمپس بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :