ویمن یونیورسٹی صوابی کے زیر اہتمام سات روزہ سپورٹس ویک کامیابی کیساتھ اختتام پذیر

پیر 20 اپریل 2026 20:05

صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2026ء) ویمن یونیورسٹی صوابی کے زیر اہتمام سات روزہ سپورٹس ویک کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، جس میں تعلیمی، ثقافتی، ادبی اور کھیلوں کی متنوع سرگرمیاں شامل تھیں۔ یہ ایونٹ ضلعی انتظامیہ صوابی اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جسے طالبات کی شمولیت، صلاحیتوں کے فروغ اور شخصیت سازی کے لیے ایک موثر اور بھرپور پلیٹ فارم قرار دیا گیا۔

اختتامی تقریب اور فائنل کھیلوں کے مقابلے بام خیل اسپورٹس کمپلیکس، صوابی میں منعقد ہوئے، جہاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین، ڈپٹی کمشنر صوابی ڈاکٹر طارق اللہ، اسسٹنٹ کمشنر صوابی علینہ شکیل نگرہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹو نصرت بی بی، یونیورسٹی حکام، فیکلٹی ممبران اور طالبات موجود تھیں۔

(جاری ہے)

اسپورٹس ویک کے دوران طالبات نے کرکٹ، والی بال، ٹیبل ٹینس، ٹگ آف وار، ڈرامہ، مباحثہ، خطاطی، پینٹنگ، مہندی مقابلہ، نعت، قرت، کوئز، ملی نغمے، بزنس گالا، بک فیئر اور فوڈ اسٹالز سمیت مختلف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔

ان سرگرمیوں نے طالبات کی ہمہ جہت صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور انہیں تعلیمی و غیر نصابی میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے کہا کہ اس نوعیت کی صحت مند اور تخلیقی سرگرمیاں طالبات کی تربیت، خوداعتمادی اور شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی صوابی کی طالبات نے مختلف شعبوں میں توقعات سے بڑھ کر صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وہ نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی نمایاں استعداد رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمسٹر سسٹم کے سخت تعلیمی معمولات کے دوران اس نوعیت کی سرگرمیوں کے لیے ایک ہفتے کا وقفہ طالبات کو ذہنی تازگی کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کا قیمتی موقع فراہم کرتا ہے۔ بزنس گالا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال میں انٹرپرینیورشپ کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، اور یونیورسٹی اس بات کے لیے کوشاں ہے کہ طالبات کو عملی مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ کاروباری فہم، انتظامی مہارت اور قائدانہ صلاحیتیں حاصل کرسکیں۔

وائس چانسلر نے اسپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفس اور یونیورسٹی فیکلٹی کی کاوشوں کو بھی سراہا اور ان کے تعاون کو اس ایونٹ کی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔اسپورٹس ویک میں بزنس گالا اور بک فیئر نمایاں سرگرمیوں میں شامل رہے، جبکہ ڈرامہ، خطاطی، پینٹنگ، مہندی، نعت، قرت، مباحثہ، کوئز اور ملی نغموں جیسے ثقافتی اور ادبی مقابلوں میں بھی طالبات اور فیکلٹی نے بھرپور دلچسپی لی۔

اختتامی روز چیمبر آف کامرس صوابی کے سیکریٹری سلمان احمد، ڈائنا کے نمائندے دانیال اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے شرکا میں اسناد تقسیم کیں اور پورے ہفتے کے دوران طالبات کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :