صوبائی حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی انتخابات کا اعلان نہ کرنا جمہوری عمل سے انحراف ہے، میاں افتخار حسین

اتوار 26 اپریل 2026 19:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2026ء) عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی) خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے نئے بلدیاتی انتخابات کا اعلان نہ کرنا جمہوری عمل سے انحراف ہے۔ جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے میں موثر اور بااختیار بلدیاتی نظام وقت کی ضرورت ہے، نااہل صوبائی حکومت نئے انتخابات سے راہ فرار اختیار کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی دفعہ صوبائی حکومت نے بلدیاتی نظام کے نام پر عوام سے مذاق اور دھوکہ کیا تھا، ان کی پارٹی کو بدترین شکست ہوئی تو دیگر نمائندوں کو پورا عرصہ فنڈز اور اختیارات سے محروم رکھا، منتخب بلدیاتی نمائندگان نے اپنے آئینی حقوق کیلئے احتجاج کیا تو ان پر بدترین تشدد کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ہمیشہ سے خود مختار، بااختیار اور مضبوط مقامی حکومتوں کی حامی رہی ہے، مضبوط بلدیاتی نظام کے بغیر جمہوریت مستحکم ہوسکتی ہے اور نہ عوامی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے تمام ذمہ داران و کارکنان بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری جاری رکھیں، تمام اضلاع نچلی سطح تک تنظیموں کو فعال اور متحرک کریں، یہ وقت اتحاد و اتفاق کا ہے، ذمہ داران عام عوام میں حقوق بارے آگاہی پیدا کریں، پارٹی پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے تمام ذمہ داران و کارکنان یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس سرزمین کی وارث ہے اور عوام کی نمائندہ ہے، اپنے قوم کے حقوق، امن اور وسائل پر اختیار کےلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔