خواتئن یونیورسٹی ملتان میں تین پی ایچ ڈی سکالرز اپنے تحقیقی مقالوں کا دفاع کیا

پیر 27 اپریل 2026 14:45

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2026ء) خواتین یونیورسٹی ملتان کے شعبہ کیمسٹری کی تین پی ایچ ڈی سکالرز نے اپنے تحقیقی مقالہ جات کا کامیاب پبلک ڈیفنس مکمل کر لیا، جس کے بعد انہیں پی ایچ ڈی ڈگری ایوارڈ کرنے کی سفارش کر دی گئی۔ ترجمان کے مطابق پبلک ڈیفنس یونیورسٹی کے کچہری کیمپس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا،جس میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نےشرکت کی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی رجسٹرارڈاکٹردیبا شہوار تھیں، جبکہ سکالرز کے سپروائزرز ڈاکٹر ثمینہ اسلم اور پروفیسر ڈاکٹر مرزا عرفان تھے۔ ایکسٹرنل ایگزامینرز میں پروفیسر ڈاکٹر حق نواز اور ڈاکٹر سید طارق شامل تھے، جنہوں نے سکالرز کے تحقیقی کام کا جائزہ لیا۔حفصہ جاوید نے کاربن پرمبنی نینو کمپوزٹ جھلیوں کے ذریعے پانی کی صفائی پرتحقیق پیش کی، جس میں بھاری دھاتوں کے پانی سے مؤثراخراج پرتوجہ دی گئی۔

(جاری ہے)

سعدیہ رانی نے کمپیوٹیشنل کیمسٹری کے ذریعے ایک ایسا ڈھانچہ ڈیزائن کیا جو کاربن ڈائی آکسائیڈ اوردیگر خطرناک مادوں کوجذب کرسکتا ہے، جبکہ ارم کوثر نے ایسے کروموفلوروسنٹ سینسرتیار کیے جو پانی میں زہریلی دھاتوں کی فوری شنا خت ممکن بناتے ہیں۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر دیبا شہوار نے سکالرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی خواتین کو اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں نہ صرف سکالرز کی محنت بلکہ ادارے کے معیاری تعلیمی ماحول کا بھی ثبوت ہیں۔تقریب کے اختتام پر کنٹرولر امتحانات نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ کے لیے ایسی علمی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :