تربت یونیورسٹی کے طلبہ کا کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کا دورہ

سماجی خدمات اور تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات پرتبادلہ خیال

جمعرات 30 اپریل 2026 23:21

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ نیچرل اینڈ بیسک سائنسز کے طلبہ نے تھیلیسیمیا کی روک تھام، دیکھ بھال اور سماجی خدمات سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لییکیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر (کے ٹی سی سی) کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کی نگرانی فیکلٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر حنیف الرحمن نے کی، جبکہ شعبہ کے چیئرمین ڈاکٹر جہانگیرخان اور فیکلٹی ممبر جیئند ابراہیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سنٹر پہنچنے پر کیچ تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کے ڈائریکٹر ارشاد عارف نے طلبہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ بریفنگ کے دوران انہوں نے ادارے کے امور کی انجام دہی کے طریقہ کار، مریضوں کی نگہداشت، تشخیصی سہولیات اور تھیلیسیمیا سے متعلق آگاہی اورروک تھام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران ڈاکٹر حنیف الرحمن اور ارشاد عارف نے تربت یونیورسٹی اور تھیلیسیمیا کیئر سینٹر کے مابین تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر تھیلیسیمیا کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے مشترکہ سائنسی اور پالیسی سطح کی تحقیقاتی سرگرمیوں کے آغاز پر بھی اتفاق کیاگیا۔ ملاقات میں یونیورسٹی میں داخلوں کے لیے تھیلیسیمیا اسکریننگ ٹیسٹ کو متعارف کرانے کی تجویز پربھی غورکیاگیا۔ اس تجویز کے تحت داخلہ لینے والے طلبہ کے لیے تھیلیسیمیا مائنر کی اسکریننگ کو لازمی قرار دینے پرتبادلہ خیال کیاگیا۔

شرکاء نے اتفاق کیا کہ اس پالیسی کے نفاذ سے بیماری کی بروقت تشخیص، آگاہی میں اضافہ اور موثر روک تھام ممکن ہو سکے گی، جو بالآخر خطے میں تھیلیسیمیا پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔یونیورسٹی ترجمان کے مطابق ملاقات میں رضاکارانہ سرگرمیوں میں طلبہ کی فعال شرکت، بلڈ ڈونیشن کیمپ کے انعقاد، فنڈ ریزنگ سرگرمیوں اور تھیلیسیمیا سے متعلق آگاہی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لئے طلبہ کو ترغیب دی گئی۔

ترجمان کے مطابق یونیورسٹی آف تربت، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی قیادت میں، ادارے اور طلبہ کے مفاد میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔ تربت یونیورسٹی نہ صرف معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے بلکہ سماجی ذمہ داری اور کمیونٹی انگیجمنٹ کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے موثر کردار ادا کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :