جدید سپر سیڈر،پاک سیڈر کی سبسڈی پر فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے درخواستیں طلب

جمعرات 30 اپریل 2026 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2026ء) پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت جدید سپر سیڈر،پاک سیڈر کی سبسڈی پر فراہمی کیلئے کاشتکاروں سے در خواستیں طلب کر لی گئیں ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت فضائی آلودگی کے خاتمے اور ماحول دوست کا شتکاری کے فروغ کے لیے پنجاب کلین ایئر پروگرام کے تحت صوبہ کے 35 اضلاع (لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، چنیوٹ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن، ملتان، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، راجن پور، ڈی جی خان، لیہ، کوٹ ادو، مظفرگڑھ اور اٹک) میں 60 فیصد سبسڈی پر سپر سیڈر/ پاک سیڈرکی کاشتکاروں کو فراہمی کیلئے درخواستیں مطلوب ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں درخواست گزار کم از کم 65 ہارس پاور کے ٹریکٹر کا مالک ہو۔کاشتکار نے پاک سیڈر/ سپر سیڈر کیلئے کسی بھی ضلع سے اس سے قبل سبسڈی حاصل نہ کی ہو۔ایک خاندان کا ایک ہی فرد اس سبسڈی کیلئے اہل ہوگا۔اس کے علاوہ سبسڈی کا اہل دوسرے کاشتکاروں / سروس پروائیڈرز کو کرایہ پر مشینری دینے کا پابند ہوگا۔مزید براں، الاٹمنٹ لیٹر کے اجراء کے10 دن کے اندر منظور شدہ فرموں / کمپنیوں کے پاس بکنگ کرانا لازمی ہوگا۔

ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ خواہشمند کاشتکار در خواست فارم محکمہ زراعت پنجاب کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں یامتعلقہ مرکز کے زراعت آفیسر(توسیع)یا متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)یا متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ کے دفاتر سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔مکمل درخواست فارم بمعہ شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی،ٹریکٹر کی ملکیت کے ثبوت سمیت15 جون2026 تک متعلقہ مرکز کے زراعت آفیسر(توسیع)یا متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت(توسیع)یا متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ کے دفاتر میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔