وفاقی اردو یونیورسٹی میں ’’جعلی و حقیقی خبریں اور ان میں فرق‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

جمعرات 7 مئی 2026 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن کیمپس کے شعبہ ابلاغِ عامہ کے تحت ’’جعلی و حقیقی خبریں اور ان میں فرق‘‘ کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ سیمینار سے معروف صحافی ، کالم نگار اور مصنف محمد اسلام اور سینئر صحافی کرم علی شاہ نے طلبہ کو خبروں کی تصدیق کے مختلف طریقوں سے آگاہ کیا ۔مقررین کا کہنا تھا کہ صحافی کی ذمہ داری ہے کہ وہ خبر کی ایک سے زیادہ مؤثرذرائع سے تصدیق کرے ، اس کی خبر متوازن ، غیر جانبدار اور سچ پر مبنی ہونی چاہئے، سنجیدہ اور اہم نوعیت کی خبر متعلقہ فرد یا محکمے کے ترجمان یا ادارے کی ویب سائیٹ سے بھی تصدیق کی جاسکتی ہے۔

خبر کی اشاعت یا نشر ہونے کے دوران صحافتی اخلاقیات کا خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے جس میں ہر فرد رپورٹر اور پروڈیوسر کا کردار ادا کررہا ہے ، ایسی صورتحال میں سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ بغیر سوچے سمجھے کوئی بھی خبر یا واقعہ دیگر افراد سے شیئر نہ کرے ، اس سے بعض اوقات معاشرے میں انارکی پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار عنایت علی شاہ اور صدر شعبہ ڈاکٹر ارم فضل بھی سیمینار میں موجود تھے۔ پروگرام کے اختتام پر رجسٹرار ڈاکٹر سید علی شاہ نے معروف صحافی محمد اسلام اور کرم علی شاہ کو شیلڈز پیش کیں۔ پروگرام میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔