جعلی خبروں کی روک تھام کیلئے تحقیق اور تصدیق ناگزیر ہے، ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ

وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعب ابلاغِ عامہ کے زیر اہتمام جعلی و حقیقی خبریں اور ان میں فرق سے متعلق سیمینار کا انعقاد کیا گیا

جمعرات 7 مئی 2026 21:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2026ء) وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن کیمپس کے شعب ابلاغِ عامہ کے زیر اہتمام جعلی و حقیقی خبریں اور ان میں فرق کے موضوع پر ایک اہم سیمینار منعقد ہوا جس میں صحافت میں تحقیق، تصدیق اور اخلاقیات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رجسٹرار وفاقی اردو یونیورسٹی ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے اور ہر صحافی کی ذمہ داری ہے کہ وہ خبر فائل کرنے سے قبل اس کی مکمل تحقیق اور تصدیق کرے۔

انہوں نے کہا کہ کسی ادارے یا شخصیت سے غلط اور جھوٹی خبریں منسوب کرنے سے نہ صرف متعلقہ فرد یا ادارے کی ساکھ متاثر ہوتی ہے بلکہ خبر نشر یا شائع کرنے والے ادارے کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شعب ابلاغِ عامہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں جعلی خبروں کی روک تھام اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کیلئے ایسے سیمینارز انتہائی ضروری ہیں۔

صدر شعب ابلاغِ عامہ ڈاکٹر ارم فضل نے کہا کہ شعبے کی کوشش ہے کہ طلبہ کو نظری تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی تربیت بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ پیشہ ورانہ میدان میں بہتر انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔سیمینار سے معروف صحافی، کالم نگار اور مصنف محمد اسلام جبکہ سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے چیف رپورٹر کرم علی شاہ نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے طلبہ کو خبروں کی تصدیق کے مختلف طریقہ کار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار صحافی کیلئے ضروری ہے کہ وہ خبر کی ایک سے زائد مستند ذرائع سے تصدیق کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنجیدہ نوعیت کی خبروں کی متعلقہ ادارے کے ترجمان یا سرکاری ویب سائٹ سے بھی توثیق کی جاسکتی ہے۔مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ خبر کی اشاعت یا نشریات کے دوران صحافتی اخلاقیات کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے جہاں ہر فرد رپورٹر اور پروڈیوسر کا کردار ادا کررہا ہے، اس لیے سوشل میڈیا استعمال کرنے والے افراد کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بغیر تصدیق کسی خبر یا واقعے کو آگے شیئر نہ کریں کیونکہ اس سے معاشرے میں بے چینی اور انارکی پھیل سکتی ہے۔پروگرام میں میزبانی کے فرائض شعب ابلاغِ عامہ کے تھرڈ سمسٹر کے طلبہ حسان علی خان اور میمونہ ندیم نے انجام دیئے۔ سیمینار کے اختتام پر رجسٹرار ڈاکٹر سید عنایت علی شاہ نے مہمان مقررین محمد اسلام اور کرم علی شاہ کو شیلڈز پیش کیں۔ پروگرام میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔