مونگ کی فصل خریف کی کاشت فوری شروع کرکے وسط جون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 11 مئی 2026 12:52

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ مونگ کی فصل خریف کی کاشت فوری شروع کر کے وسط جون سے قبل مکمل کریں، کاشتکار بروقت کاشت یقینی بنائیں ۔ ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹر افتخار حسین بھٹی نے پیر کو کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مونگ کا شمار موسم خریف کی اہم فصلوں میں ہوتا ہے جس میں 20 سے 25 فیصد تک پروٹین ہوتی ہے جو انسانی غذا کے ساتھ ساتھ اس کے جسم کا اہم جزو بھی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مونگ کے پودوں کی جڑوں میں پائے جانے والے جراثیم منکے بناکر ہوا سے نائٹروجن حاصل کرتے ہیں اور پودوں کو خوراک کی فراہمی کا باعث بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ پودے کی جڑیں گلنے سڑنے کے بعد زمین کی زرخیزی میں اضافہ کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار آبپاش علاقوں میں ریتلی میرا زمین پر مونگ کی فصل کاشت کرکے بہتر مالی منافع حاصل کرسکتے ہیں۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ مونگ کو تر وتر حالت میں ڈرل کے ساتھ ایک فٹ کے فاصلے پر قطاروں میں جبکہ بارش والے علاقوں میں پٹڑیوں پر کاشت کیاجاسکتاہے۔ کاشتکار اس ضمن میں مزید رہنمائی کےلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :