Live Updates

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس

پیر 11 مئی 2026 21:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2026ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم کا اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینیٹر عمر فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سینیٹر قراۃ العین مری، سینیٹر سیف اللہ ابڑو، سینیٹر سعدیہ عباسی، سینیٹر ہدایت اللہ خان، سینیٹر جام سیف اللہ خان، سینیٹر امیر ولی الدین چشتی اور سینیٹر منظور احمد نے شرکت کی۔

کمیٹی کو خام تیل، پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور ایل پی جی کے موجودہ ذخائر اوردرآمدی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر برائے پٹرولیم نے کمیٹی کو بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی اور درآمدی مشکلات کے باعث حکومت کو اہم شعبوں کو ترجیح دینا پڑی۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ ڈی اے پی کھاد کی درآمد میں رکاوٹوں کے باعث کھاد کے بحران سے بچنے کیلئے گیس کی فراہمی یوریا پیداواری یونٹس کو منتقل کی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو مختلف ممالک سے خام تیل، پٹرول، ڈیزل، ایل این جی اور ایل پی جی کی درآمدی شرح سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے وضاحت کی کہ بین الاقوامی منڈی میں اتار چڑھائو کے دوران ایندھن کی قلت سے بچنے کیلئے او ایم سیز کو مالی گنجائش اور لیکویڈیٹی فراہم کرنا ضروری تھا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ایل این جی کا ایک کارگو آئندہ روز کراچی پورٹ پہنچنے کی توقع ہے۔

کمیٹی نے او ایم سیز کے جامع آڈٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد موجودہ ذخائر سے حاصل مالی فوائد کا تعین کیا جائے۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ اوگرا، ایف آئی اے، آئی بی اور دیگر اداروں پر مشتمل مشترکہ سٹاک مانیٹرنگ میکنزم قائم کیا گیا ہے جو ہر پندرہ روز بعد ذخائر کا جائزہ لے گا۔ چیئرمین کمیٹی نے تمام سٹاک رپورٹس کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر بھی سوالات اٹھائے اور متعلقہ حکام سے قیمتوں کے فارمولے کی تفصیلات طلب کر لیں۔گیس فراہمی سے متعلق بریفنگ میں حکام نےبتایا کہ نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کے ذریعے گھریلو صارفین،خصوصاً کھانے کے اوقات میں، بلا تعطل گیس فراہمی کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔کمیٹی نے ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور سرکاری نرخوں و مارکیٹ قیمتوں میں نمایاں فرق کا نوٹس لیتے ہوئے اوگرا اور متعلقہ اداروں کواوورچارجنگ کے خلاف کارروائی اور تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی کو پی ایم ڈی سی بورڈ آف گورنرز میں تقرریوں کے طریقہ کار اور معیار پر بھی بریفنگ دی گئی۔۔اجلاس میں سینیٹر منظور احمد نے ذیلی کمیٹی کے کنوینر کی حیثیت سے ذیلی کمیٹی کی رپورٹ بھی قائمہ کمیٹی کے سامنے پیش کی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات