سکھر، ڈی آر سی ملازمین کا جوائننگ آرڈرز نہ ملنے پر احتجاج

ہفتہ 16 مئی 2026 23:33

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2026ء) عدالتِ عالیہ سندھ کے واضح احکامات اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ کمیٹی (ڈی آر سی)میں نام شامل ہونے کے باوجود سکھر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین نے جوائننگ آرڈرز فراہم نہ کیے جانے پر سکھر پریس کلب کے سامنے ریاض احمد، لیاقت علی مہر، ریاض اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبات کے حصول کے لیے نعرے بازی کی۔

مظاہرے میں شامل افراد کا کہنا تھا کہ 2023 میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈی آر سی کے انٹرویوز دیے تھے۔ انٹرویوز میں کامیابی کے بعد ان کے نام ڈی آر سی کی منظور شدہ فہرست میں بھی شامل کر لیے گئے، تاہم اس کے باوجود انہیں جوائننگ آرڈرز جاری نہیں کیے گئے۔ ہائی کورٹ نے واضح احکامات جاری کیے تھے کہ ڈی آر سی کی فہرست میں شامل تمام ملازمین کو مکمل جوائننگ آرڈرز فراہم کیے جائیں، تاہم عدالتی فیصلے کے چھ ماہ گزر جانے کے باوجود ان ملازمین کو ابھی تک آرڈرز نہیں مل سکے ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ دیگر تمام محکموں کے اہلکاروں کو آرڈرز جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ وہ نظرانداز کیے جا رہے ہیں۔ احتجاجی مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلی سندھ اور دیگر اعلی حکام سے اپیل کی کہ ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری ازالہ کیا جائے اور انہیں ان کا قانونی حق دلایا جائے۔