تحفظ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، علامہ حفیظ اللہ ہادیہ

اتوار 17 مئی 2026 02:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2026ء) کنوینر متحدہ ختم نبوت فورم پاکستان، صدر تحریک اہلسنّت پاکستان کراچی اور مرکزی رہنما علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان، علامہ محمد حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی نے کہا ہے کہ تحفظِ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور اس عقیدے کے تحفظ کے لیے پوری قوم متحد اور بیدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی شعائرِ اسلام میں ایک عظیم عبادت اور سنتِ ابراہیمی کی یادگار ہے، جسے صرف مسلمان ہی اسلامی طریقے کے مطابق ادا کرنے کے مجاز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان اور امتناعِ قادیانیت قوانین کے تحت قادیانیوں کو خود کو مسلمان ظاہر کرنے اور اسلامی شعائر استعمال کرنے کی اجازت نہیں، لہٰذا عیدالاضحیٰ کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں اور کسی بھی غیر قانونی و اشتعال انگیز عمل کی روک تھام کریں۔

(جاری ہے)

علامہ محمد حفیظ اللہ ہادیہ صدیقی نے کہا کہ مسلمانانِ پاکستان عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور دینی و آئینی حدود کے اندر رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ امتناعِ قادیانیت قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ مذہبی ہم آہنگی، امن و امان اور آئین کی بالادستی برقرار رہ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ حکومت، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مذہبی حساسیت کے پیشِ نظر بروقت اور مؤثر اقدامات کریں تاکہ کسی قسم کی اشتعال انگیزی یا فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا نہ ہو اور ملک میں امن و استحکام قائم رہے۔