محکمہ زراعت کی کسانوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

منگل 2 جون 2026 02:02

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2026ء) بلوچستان ایگریکلچر انفارمیشن نے محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی کی روشنی میں 2 سے 5 جون کے دوران شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف اضلاع میں آندھی، گرج چمک اور بارش کے امکانات کے پیش نظر زمینداروں اور باغبانوں کے لیے زرعی ایڈوائزری جاری کردی ہے۔

(جاری ہے)

ایڈوائزری کے مطابق کوئٹہ، ژوب، موسی خیل، بارکھان، لورالائی، ہرنائی، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور ملحقہ علاقوں میں موسمی تبدیلیوں کا امکان ہے جبکہ بارش کے باعث نہ صرف متاثرہ علاقوں بلکہ بلوچستان کے دیگر حصوں میں بھی درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ زراعت نے سبزیاں کاشت کرنے والے کسانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی فصلوں خصوصا ٹماٹر، مرچ، پیاز، بھنڈی، کھیرا اور دیگر موسمی سبزیوں کی خصوصی نگرانی کریں۔ بارش کے امکانات کے پیش نظر کھیتوں میں نکاسی آب کا موثر انتظام یقینی بنایا جائے تاکہ اضافی پانی جمع ہونے سے فصلوں کو نقصان نہ پہنچے۔