اسسٹنٹ کمشنر پسرور کا محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے لائسنس ہولڈرز کے ساتھ اجلاس کا نعقاد ،امن و امان کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا

جمعہ 5 جون 2026 13:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2026ء) اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت کی زیر صدارت تحصیل پسرور کے تمام لائسنس ہولڈرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں آنے والے ماہِ محرم الحرام کے انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والے جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد، ضابطۂ اخلاق پر مکمل عملدرآمد، صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

شرکاء کو حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام اور مذہبی ہم آہنگی کا فروغ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام لائسنس ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کو یقینی بنائیں اور ضابطۂ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محرم الحرام کے ایام میں باہمی تعاون، رواداری اور ہم آہنگی کے ذریعے امن و سلامتی کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔