سعودی عرب کا گوادر سمیت پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کا عندیہ

سعودی وژن 2030ء ، پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات میں تعاون کے وسیع امکانات ہیں، وزیر بحری امور

بدھ 3 جون 2026 21:20

سعودی عرب کا گوادر سمیت پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کا عندیہ
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2026ء) سعودی عرب نے گوادر سمیت پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیدیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر بحری امور کا پاک سعودی مشترکہ بزنس کونسل کے ساتھ آن لائن اجلاس ہوا جس دوران پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع پر سعودی کمپنیز کو بریفنگ دی جبکہ پی این ایس سی کے بیڑے میں توسیع کیلئے سعودی سرمایہ کاروں کو شراکت داری کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

جنید انور چوہدری کے مطابق پاکستان کابحری شعبہ سعودی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے،بندرگاہوں،لاجسٹکس،بلیو اکانومی میں سرمایہ کاری کی بھرپور گنجائش ہے،سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات میں تعاون کیوسیع امکانات ہیں۔وزیر بحری امور نے کہا کہ گوادر پورٹ سمیت تمام بندر گاہوں میں سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی،کراچی پورٹ پر میری ٹائم بزنس ڈسٹرکٹ منصوبہ سرمایہ کاری کیلئے دستیاب ہے،پورٹ قاسم میں ایک کثیر المقاصد کارگوٹرمینل کے قیام کے مواقع بھی موجود ہیں،انرجی سٹی منصوبہ سعودی سرمایہ کاروں کیلئے منافع بخش مواقع فراہم کرتا ہے،کورنگی فش ہاربرمیں ایکواریسرچ پارک کے قیام کی پیشکش بھی کی ہے۔