سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح، پتریاٹہ چیئر لفٹ عارضی طور پر بند، نیا رسہ نصب ہونے کے بعد دوبارہ فعال کی جائیگی

بدھ 3 جون 2026 21:03

سیاحوں کی حفاظت اولین ترجیح، پتریاٹہ چیئر لفٹ عارضی طور پر بند، نیا ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2026ء) پنجاب حکومت اور محکمہ سیاحت نے سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پتریاٹہ چیئر لفٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئر لفٹ کا آپریشن جدید حفاظتی تقاضوں کے مطابق نئے رسے کی تنصیب تک معطل رہے گا جبکہ توقع ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران ضروری تکنیکی کام مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

ڈپٹی جنرل منیجر نارتھ معظم نذیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پتریاٹہ چیئر لفٹ کے رسے کی مدتِ استعمال مکمل ہونے کے قریب تھی۔ گزشتہ معائنے کے دوران آسٹریا سے آنے والے بین الاقوامی تکنیکی ماہرین نے چیئر لفٹ کے تفصیلی جائزے کے بعد سفارش کی تھی کہ سیاحوں کی مکمل حفاظت اور عالمی معیار کے مطابق آپریشن کو برقرار رکھنے کے لیے رسے کی فوری تبدیلی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ماہرین کی سفارشات موصول ہونے کے بعد محکمہ سیاحت نے فوری طور پر آسٹریا کی متعلقہ کمپنی سے رابطہ کیا اور نیا رسا فراہم کرنے کی درخواست کی تاہم بعض بین الاقوامی تجارتی اور انتظامی امور کے باعث درآمدی عمل میں تاخیر ہوئی۔ اب لیٹر آف کریڈٹ (LC) سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور توقع ہے کہ نیا رسا جولائی کے دوران پاکستان پہنچ جائے گا۔

معظم نذیر کے مطابق نئے رسے کی تنصیب اور تکنیکی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد چیئر لفٹ کو دوبارہ آپریشنل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام کام بین الاقوامی حفاظتی معیار کے مطابق انجام دیا جائے گا تاکہ سیاحوں کو محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ ہر چیز پر مقدم ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئر لفٹ کی عارضی بندش کا مقصد صرف اور صرف حفاظتی معیار کو مزید بہتر بنانا ہے تاکہ مستقبل میں سیاح بلا خوف و خطر اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔ڈپٹی جنرل منیجر نارتھ نے مزید بتایا کہ مری میں سیاحتی سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سیاحت مری کو جلد ایک نئی اور جدید سفاری ٹرین فراہم کر رہا ہے جس میں جدید الیکٹرک فیچرز اور بہتر سفری سہولیات شامل ہوں گی۔

نئی سفاری ٹرین نہ صرف سیاحوں کے لیے مزید پرکشش ثابت ہوگی بلکہ مری کی سیاحتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی سہولت اور آمدورفت کو بہتر بنانے کے لیے جدید گالف کارٹس بھی جلد مری میں فراہم کی جائیں گی، جن کی مدد سے مختلف سیاحتی مقامات تک رسائی مزید آسان اور آرام دہ بنائی جا سکے گی۔سیاحتی حلقوں نے چیئر لفٹ کی حفاظتی بنیادوں پر عارضی بندش کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جدید سہولیات اور عالمی معیار کے حفاظتی اقدامات مری کی سیاحت کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ماہرین کے مطابق پتریاٹہ چیئر لفٹ مری کی اہم ترین سیاحتی کشش ہے اور اس کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن سے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔