ًفیصل آباد‘سی سی ڈی اور پولیس کیساتھ 7مبینہ مقابلوں کے دوران ڈرگ ڈیلر سمیت 3ڈاکو ہلاک

بدھ 10 جون 2026 22:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2026ء) سی سی ڈی اور پولیس کیساتھ 7مبینہ مقابلوں کے دوران ڈرگ ڈیلر سمیت 3ڈاکو ہلاک جبکہ 5منشیات فروش ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر بری طرح زخمی ہو گئے، پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا اور ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

تفصیل کے مطابق تھانہ فیکٹری ایریا کے ایس ایچ او انسپکٹر ریاض نے اپنی ٹیم کے ہمراہ قبرستان کے قریب منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔

(جاری ہے)

جس نے اپنا نام محبوب ولد اسماعیل بتایا جسکو ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا، مرنے والا منشیات فروش متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔

پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ جبکہ تھانہ روشن والا کے ایس ایچ او شاہد پرویز نے بتایا کہ ملزم افضل کو برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے کہ جب وہ 244 رب کے قریب پہنچے تو اس کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر کے ساتھی کو چھڑانے کی کوشش کی تاہم ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر افضل بری طرح زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال پہنچانے کی کوشش کی لیکن وہ راستے میں ہی چل بسا۔

اس کے 4ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، مرنے والا ڈاکو ریکارڈیافتہ اور درجنوں وارداتوں میں ملوث تھا جبکہ تھانہ ترکھانی کے علاقہ 381 گ ب کے قریب سی سی ڈی کیساتھ مبینہ مقابلہ میں 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث ڈاکو ثاقب عرف ساقی مارا گیا، پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں تھانہ کوتوالی کے ایس ایچ او ارسلان باری نے بیرون چنیوٹ بازار مشکوک موٹرسائیکل سوار کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہو گیا جس نے اپنا نام عثمان بتایا جوکہ ریکارڈیافتہ اور پولیس کو متعدد مقامات میں مطلوب تھا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔

تھانہ رضاآباد کے ایس ایچ او سفیان بٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منیرآباد میں منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ سرچ آپریشن میں ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام علی رضا ولد اکرم بتایا اور اس کے قبضہ سے 250 گرام آئس اور پسٹل برآمد کر کے ہسپتال منتقل کر دیا۔

تھانہ صدر جڑانوالہ کے انچارج انوسٹی گیشن افضال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 119 گ ب میں منشیات فروشوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام سجاول ولد اکبر علی بتایا اس کے قبضہ سے 1420 گرام چرس اور 30بور پسٹل برآمد ہوا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔

مضروب کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تھانہ روڈالہ روڈ کے ایس ایچ او احمد عمار نے بتایا کہ 382 گ ب کے قریب ناکہ پر موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس پارٹی نے جوابی فائرنگ کی تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑے تھے جن کو قابو کیا تو انہوں نے اپنا نام سانول ولد رحمت سکنہ 357 گ ب اور مقصود ولد شریف سکنہ 281 گ ب بتائے اور انکی تلاشی لینے پر مقصود کے قبضہ سے 1100 گرام ہیروئن اور سانول کے قبضہ سے 1100 گرام ہیروئن برآمد ہوئی جبکہ ان کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔

پولیس نے مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر کے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔