ایپنا کی ایف پی سی سی آئی کے اعلی سطحی تجارتی وفد کو امریکہ کے دورے کی دعوت

اتوار 14 جون 2026 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2026ء) شمالی امریکہ میں مقیم پاکستانی نژاد ڈاکٹروں کی تنظیم ایپنا کے صدر ڈاکٹر بابر راؤ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرزآف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد کو امریکہ کے دورے کی دعوت دی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صحت کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

اتوار کوایف پی سی سی آئی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ دعوت ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور پاکستان-امریکہ بزنس کونسل کے چیئرمین ملک سہیل حسین کو دی گئی ہےجن سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ وفد کی قیادت کرتے ہوئے امریکہ میں کاروباری، طبی اور سرمایہ کاری کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں۔

(جاری ہے)

ملک سہیل حسین اور بیرسٹر سید حسنین کاظمی کی جانب سےڈاکٹر بابر راؤ کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران اس بات کااعلان کیا گیا۔

تقریب میں کاروباری برادری، سفارتی حلقوں اور صحت کے شعبے سے وابستہ نمایاں شخصیات نے شرکت کی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی سفارت خانے کی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر کی نمائندگی کرتے ہوئے پولیٹیکل اکانومی آفیسر ڈیوڈ موریسن نے بھی تقریب میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بابر راؤ نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی برادری دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، پیشہ ورانہ اور ثقافتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ امریکہ میں ایف پی سی سی آئی کے تجارتی وفد کے اعزاز میں ایپنا کے معالجین ایک خصوصی عشائیے کا اہتمام کریں گےجس میں پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کار، کاروباری شخصیات اور پیشہ ور افراد شریک ہوں گے۔مجوزہ وفد اپنے دورے کے دوران ٹیکسٹائل،زراعت، صحت، رئیل اسٹیٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروباری مواقع سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لے گا۔

ملک سہیل حسین نے کہا کہ پاکستان-امریکہ بزنس کونسل دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دورہ تجارتی تعاون کے فروغ، نئی سرمایہ کاری کے حصول اور امریکی منڈی میں پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع کی تلاش میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔تقریب کے شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایف پی سی سی آئی کے وفد کے مجوزہ دورہ امریکہ سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اورپیشہ ورانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔