چکوال، سی سی ڈی اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک بچی کے والد کا بیان قلمبند

فائرنگ کرنے والے اہلکار کا تھانا سی سی ڈی میں حاضری ریکارڈ بھی چیک کیا گیا ہے،ذرائع

پیر 15 جون 2026 13:31

چکوال، سی سی ڈی اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک بچی کے والد کا بیان قلمبند
چکوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2026ء) چکوال میں سی سی ڈی اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے 9 سال کی بچی ہلاکت کے واقعے کے بعد تفتیشی ٹیم نے بچی کے زخمی والد کا بیان بھی قلمبند کرلیا۔ذرائع کے مطابق والد کا بیان خصوصی تفتیشی ٹیم نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں قلم بند کیاجبکہ فائرنگ کرنے والے اہلکار کا تھانا سی سی ڈی میں حاضری ریکارڈ بھی چیک کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پولیس کانسٹیبل سے فائرنگ میں استعمال سرکاری بندوق برآمد کرلی گئی ہے، کانسٹیبل سے تفتیش مکمل ہونے پر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔کانسٹیبل کو علاقہ مجسٹریٹ نے جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجا ہے، عدالت نے 26 جون کو مقدمہ کا چالان طلب کرلیاجبکہ جائے وقوعہ سے ملنے والے گولیوں کے خول فورنزک ٹیسٹ کیلئے لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان سے ڈکیتی کرنے والے دونوں ڈاکو مبینہ مقابلہ میں ہلاک ہوگئے، ڈاکوؤں کی شناخت محمد فیاض اور محمد عباس کے نام سے ہوئی۔ہلاک ڈاکو ریکارڈ یافتہ، پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھے، ڈاکو بچی کیجاں بحق ہونے کے اگلے دن پولیس مقابلہ میں ہلاک ہوئے۔