ہمارے لیے موت آسان ہوگئی، صومالیہ میں یرغمال پاکستانی کا نیا ویڈیو بیان

ہمیں قید میں 57روز گزر چکے، ہماری حالت انتہائی نازک ہے عملے کے کئی ارکان شدید بیمار ہو چکے ہیں، سیکنڈ افسر

منگل 16 جون 2026 22:25

ہمارے لیے موت آسان ہوگئی، صومالیہ میں یرغمال پاکستانی کا نیا ویڈیو ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2026ء) صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں 57روز سے یرغمال پاکستانی شہری کی ویڈیو آگئی جس میںاس نے کہا ہے کہ ہمارے لیے اب جینا مشکل اور موت آسان ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال جہاز آنر 25میں سوار پاکستانی سیکنڈ افسر کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی جس میں اس نے کہا کہ تقریباً دو ماہ گزر گئے صومالی قذاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی زندگی اور موت کی کشمکش میں وقت گزار رہے ہیں ۔

شہری نے حکومت پاکستان فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں قید میں57روز گزر چکے، ہماری حالت انتہائی نازک ہے عملے کے کئی ارکان شدید بیمار ہو چکے ہیں، عملے کے ارکان ذیابیطس اور انفیکشن میں مبتلا ہیں اور وہ اب مزید جینے کے قابل نہیں رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم پاکستان مدد کریں، آج ہمارے لیے جینا مشکل اور موت آسان ہوگئی ہے ، ہم صرف سادہ سفید چاول اور آلودہ پانی پر زندہ ہیں جبکہ کمپنی نے ہمیں کوئی امداد نہیں بھیجی، ہائی جیکرز کسی تیسرے فریق کے ساتھ بات چیت کرنے سے انکار کرتے ہیں۔

سیکنڈ افسر نے کہا کہ ہائی جیکرز صرف ہمارے جہاز کے دستاویزات میں درج کمپنی کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنا چاہتے ہیں، ہم حکومت سے مداخلت کرنے اور ہماری کمپنی کو اس کے عملے کی ذمہ داری لینے پر مجبور کرنے کی درخواست کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زندہ رہنے کے لیے بے پناہ مشکلات کا سامنا ہے، کمپنی نے خوراک یا دوائی کے معاملے میں کسی قسم کی امداد فراہم نہیں کی ہے۔