لکی انویسٹمنٹس اور ڈی آئی بی پاکستان کا ملک بھر میں اسلامی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے معاہدہ

پیر 15 جون 2026 17:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2026ء) پاکستان کی تیزی سے ترقی کرنے والی اسلامک ایسٹ مینجمنٹ کمیٹی لکی انویسٹمنٹس لمیٹڈ اور ڈی آئی بی پاکستان، جو دبئی اسلامک بینک یو اے ای کا ذیلی ادارہ ہے، نے پاکستان بھر میں شریعہ کے مطابق سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کیا ہے۔اس مفاہمتی یادہاشت (MOU) کے تحت ڈی آئی بی پاکستان ملک بھر میں اپنے برانچ نیٹ ورک کے ذریعے لکی انویسٹمنٹس کے اسلامک میوچل فنڈز اور پنشن فنڈز کی ڈسٹری بیوشن کرے گا۔

اس اقدام سے صارفین کو پاکستان کے نمایاں اسلامی بینکاری نیٹ ورک کے ذریعے پیشہ ورانہ انداز میں منظم شریعہ کمپلائنٹ سرمایہ کاری مصنوعات تک آسان رسائی حاصل ہوگی۔یہ اشتراک ڈی آئی بی پاکستان کے تمام کسٹمر ٹچ پوائنٹس پر سرمایہ کاری کے سلوشن کو مزید مؤثر بنائے گا اور اسلامی بچت، دولت کی تخلیق اور ریٹائرمنٹ پلاننگ کے فروغ کے لیے ادارے کے عزم کو مزید مستحکم کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ شراکت داری لکی انویسٹمنٹس کی سرمایہ کاری مینجمنٹ مہارت اور ڈی آئی بی پاکستان کے وسیع بینکاری نیٹ ورک کو یکجا کرتی ہے۔ ڈی آئی بی پاکستان ملک بھر کے 100 شہروں میں 300 سے زائد برانچوں کے ذریعے 556,596 سے زیادہ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔اس موقع پر لکی انویسٹمنٹس لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد شعیب، سی ایف اے نے کہاکہ ڈی آئی بی پاکستان کے ساتھ شراکت داری پر ہمیں خوشی ہے۔

یہ شراکت داری پاکستانی سرمایہ کاروں کے ایک وسیع طبقے تک معیاری اور شریعہ کے مطابق سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے ہمارے مشن میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ہمارا مقصد مالی شمولیت کو فروغ دینا، طویل المدتی بچت کی حوصلہ افزائی کرنا اور پاکستان میں اسلامی مالیاتی صنعت کی مسلسل ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ڈی آئی بی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد علی گل فراز نے اس موقع پر کہا کہ ڈی آئی بی پاکستان میں شریعہ کے مطابق مالیاتی سہولیات تک رسائی کو توسیع دینے کے لیے پرعزم ہے۔

لکی انویسٹمنٹس کے ساتھ ہمارا یہ اشتراک اسی عزم کا اظہار ہے، جس کے ذریعے ہم اپنے صارفین کو برانچ نیٹ ورک کے ذریعے پیشہ ورانہ انداز میں منظم اسلامی سرمایہ کاری اور ریٹائرمنٹ کے سلوشن فراہم کریں گے۔ ہم لکی انویسٹمنٹسں کے ساتھ مل کر طویل المدتی مالی تحفظ اور خوشحالی کے لیے مؤثر مواقع فراہم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یہ اقدام پاکستان میں اسلامک بینکنگ اور اسلامک ایسٹ مینجمنٹ کے درمیان بڑھتے ہوئے اشتراک کی عکاسی ہے اور دونوں اداروں کے اس مشترکہ وژن کو سپورٹ فراہم کرتا ہے جس کا مقصد ملک بھر میں افراد اور خاندانوں کے لیے شفاف، اخلاقی اور شریعہ کے مطابق مالیاتی سلوشن فراہم کرنا ہے۔