یو ای ٹی لاہور اور انرجی کانشیئس انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

منگل 23 جون 2026 19:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2026ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور نے اپنے نیو کیمپس کالا شاہ کاکو میں 400کلوواٹ سولر پاور سسٹم کی تنصیب کے لئے انرجی کانشیئس انجینئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کیساتھ معاہدہ طے کر لیا ۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، ماحول دوست انفراسٹرکچر کی ترقی اور وسائل کے مثر استعمال کے حوالے سے یونیورسٹی کے عزم کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ ملے گا جبکہ بجلی کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ سولر پاور سسٹم کی تنصیب سے یونیورسٹی کو آئندہ برسوں میں خاطر خواہ مالی بچت حاصل ہوگی اور کیمپس کی گرین انرجی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

معاہدے کی دستاویزات پر ٹریژرر یو ای ٹی عابد شہزاد اسلم اور سی ای او انرجی کانشیئس انجینئرنگ نے دستخط کیے۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں توانائی کے مثر استعمال، کم لاگت انفراسٹرکچر اور طلبہ دوست سہولیات کی فراہمی کیلئے متعدد اہم منصوبے کامیابی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں منصوبوں کی ٹینڈرنگ، تکنیکی جانچ پڑتال، تشخیص اور منصوبہ بندی کے مراحل میں خدمات انجام دینے والی کمیٹیوں، ماہرین اور دیگر متعلقہ فریقین کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔