پشاور میں سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن؛ 6 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک، اسلحہ و ہینڈ گرنیڈ برآمد

فائرنگ کے تبادلے کے دوران چند دہشت گرد اندھیرے یا قریبی پناہ گاہوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے، علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 جون 2026 10:48

پشاور میں سکیورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن؛ 6 انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک، ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2026ء) صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور پولیس نے ایک مشترکہ اور کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، یہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شدید مطلوب تھے اور پولیس پوسٹوں پر حملوں سمیت سنگین نوعیت کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے 6 دہشت گردوں میں سے 3 کی شناخت خلیل الرحمان عرف صدام، نجم الدین عرف ابو جانہ اور کفایت اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے باقی دیگر تین ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل ابھی جاری ہے، اس کامیاب کارروائی کے بعد سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے ہولناک تباہی پھیلانے والا اسلحہ برآمد کر کے قبضے میں لے لیا، جن میں 6 عدد کلاشنکوفیں، 3 ہینڈ گرنیڈ (دستی بم)، بھاری مقدار میں دیگر اسلحہ اور گولیوں کا ذخیرہ شامل ہے۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران چند دہشت گرد اندھیرے یا قریبی پناہ گاہوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے، ان مفرور عناصر کی گرفتاری اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے، جب کہ اس بڑی کامیابی پر انسپکٹر جنرل آف پولیس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس اور سی ٹی ڈی کے جیشیالے اہلکاروں کو زبردست شاباش دی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک یہ بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔