سرگودھا میں 8 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا ملزم سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں مارا گیا

سی سی ڈی ٹیم گرفتار ملزم کو قتل میں استعمال ہتھیار برآمد کرانے کیلئے لے جا رہی تھی کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ملزم کے مسلح ساتھیوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی؛ پولیس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 جون 2026 10:55

سرگودھا میں 8 سالہ بچی سے زیادتی اور قتل کا ملزم سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ ..
سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2026ء) صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں 8 سال کی معصوم بچی منتہیٰ کو مبینہ زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کرنے کا مرکزی ملزم ارسلان تھانہ جھال چکیاں کے علاقے میں ایک مبینہ پولیس مقابلے کے دوران مارا گیا۔ سرگودھا پولیس کے مطابق کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی ٹیم گرفتار ملزم ارسلان کو قتل میں استعمال ہونے والا ہتھیار برآمد کرانے کے لیے لے جا رہی تھی کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ملزم کے مسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان ہونے والے اس مقابلے میں مرکزی ملزم ارسلان اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے موقع پر ہلاک ہو گیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ڈی پی او سرگودھا صہیب اشرف کی ہدایت پر بننے والی 6 رکنی ٹیم نے گزشتہ روز مرکزی ملزم ارسلان سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں دکان کا مالک حنیف اور اس کا بیٹا بھی شامل ہیں، پولیس کو ایک اہم فوٹیج ملی جس میں معصوم منتہیٰ کو دکان کے اندر جاتے دیکھا جا سکتا ہے، لیکن وہ وہاں سے باہر آتی ہوئی دکھائی نہیں دیتی۔ معلوم ہوا ہے کہ معصوم منتہیٰ کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی مرکزی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا ہے، جنازے میں رشتہ داروں اور شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر غم سے نڈھال والدین اور اہل علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کیس میں گرفتار دکان کے مالک اور دیگر تمام ملزمان کو بھی سخت ترین سزا دے کر متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے۔