بھکر میں 8 محرم الحرام پر فول پروف سیکیورٹی 153 مجالس، 53 جلوس، 1000 سے زائد اہلکار تعینات، پاک فوج بھی الرٹ

بدھ 24 جون 2026 14:36

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2026ء) بھکر میں 8 محرم الحرام پر فول پروف سیکیورٹی 153 مجالس، 53 جلوس، 1000 سے زائد اہلکار تعینات، پاک فوج بھی الرٹ ،بھکر پولیس کی جانب سے 08 محرم الحرام پر بہترین سیکیورٹی انتظامات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر شہزاد رفیق اعوان کے احکامات پر 08 محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ترجمان بھکر پولیس کے مطابق ضلع بھر میں آج 153 مجالس اور 53 جلوس منعقد ہو رہے ہیں، جن کی سیکیورٹی کے لیے 1000 سے زائد پولیس افسران اور جوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ عزادارانِ امام حسینؓ اور مجالس و جلوسوں میں شرکت کرنے والے افراد کی جامع تلاشی کے لیے 700 سے زائد رضاکار چیکنگ ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی ڈیوٹی میں پاک آرمی سمیت بھکر پولیس ، ایلیٹ فورس، لیڈیز پولیس، پٹرولنگ پولیس، وائرلیس سٹاف، پیرا فورس ، پنجاب کانسٹیبلری اور خفیہ اداروں کے جوان بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر کے تمام پتن مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں جبکہ کشتیوں کی آمد و رفت بھی مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ ضلع بھکر اور ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان قائم بین الصوبائی داجل چیک پوسٹ پر اضافی نفری تعینات کر کے چیکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جہاں ہر گاڑی، موٹر سائیکل اور مشتبہ فرد کی سختی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔

جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں، موبائل کمانڈ اینڈ کنٹرول یونٹس، ڈرون کیمروں اور دیگر جدید ذرائع کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ پولیس اور پاک فوج کے دستے جلوسوں اور مجالس کے اطراف مسلسل گشت کر رہے ہیں جبکہ اہم شاہراہوں پر ناکہ بندیاں کر کے سیکیورٹی حصار کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ڈی پی او نے کہا ہے کہ زائرین اور عزادارانِ امام حسینؓ کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔\378