بلوچستان ریونیو اتھارٹی کا اجلاس،حب ریجن سے محصولات کی وصولی کا جائزہ لیا گیا

پیر 29 جون 2026 17:16

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2026ء) چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی عبداللہ خان کی زیر صدارت بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) میں منعقدہ اجلاس میں حب ریجن سے محصولات کی وصولی اور ٹیکس تعمیل کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ترجمان بی آر ای کے بیان کے مطابق اجلاس کے دوران حب ریجن میں محصولات کی وصولی، رجسٹریشن، ریٹرن فائلنگ، واجبات کی وصولی، انفورسمنٹ اقدامات اور ٹیکس نیٹ میں توسیع سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر مختلف صنعتی و تجارتی اداروں کی ٹیکس تعمیل کی صورتحال، درپیش چیلنجز اور محصولات میں اضافے کیلئے مؤثر حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔چیئرمین بی آر اے عبداللہ خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر رجسٹرڈ سروس فراہم کنندگان اور کاروباری اداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے، نان فائلرز کے خلاف قانونی کارروائی کو مؤثر بنانے اور واجبات کی بروقت وصولی کیلئے اقدامات مزید تیز کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کاری، شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کے مؤثر استعمال کے ذریعے رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کو فروغ دیا جائے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی حب ریجن میں محصولات کے اہداف کے حصول، ٹیکس قوانین کے مؤثر نفاذ اور صوبے کی پائیدار ترقی کیلئے وسائل میں اضافے کے سلسلے میں اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔

متعلقہ عنوان :