خواتین کے کاروبار کو مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، صدر ویمن چیمبر سیالکوٹ

پیر 29 جون 2026 21:24

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2026ء) ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کی صدر ڈاکٹر مریم صدیقہ کی زیر صدارت نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) سیالکوٹ کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خواتین کاروباری شخصیات کی معاونت اور انہیں مزید بااختیار بنانے کے لیے باہمی تعاون کے مختلف امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں ویمن چیمبر کی سینئر نائب صدر گلزیب وقاص اعوان، ایگزیکٹو رکن عظمیٰ ذکاء اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر سیالکوٹ کے حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر این آئی سی سیالکوٹ کے نمائندوں نے ویمن چیمبر کی قیادت کو ادارے کے اغراض و مقاصد، مختلف اقدامات اور ان پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جو نئے کاروباری منصوبوں کی حوصلہ افزائی اور جدت طرازی کے فروغ کے لیے جاری ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران اس امر پر زور دیا گیا کہ نیشنل انکیوبیشن سینٹر سیالکوٹ خواتین سمیت نوجوان کاروباری افراد کو رہنمائی، تربیت، نیٹ ورکنگ کے مواقع اور کاروباری ترقی کے لیے ضروری معاونت فراہم کرکے ایک مؤثر اور تبدیلی لانے والے پلیٹ فارم کا کردار ادا کر رہا ہے۔فریقین نے خواتین کی زیر قیادت کاروباری اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات، استعداد کار میں اضافے کے پروگراموں اور کاروباری ترقی کی سرگرمیوں کے آغاز کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔

شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کاروباری شخصیات، خواہ وہ نئے کاروبار کا آغاز کر رہی ہوں یا پہلے سے کاروبار سے وابستہ ہوں، ان کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے، خطے میں جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور جدت طرازی کے کلچر کو مستحکم بنانے کے لیے دونوں ادارے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :