وادی کالام جھیل حادثہ؛ پولیس نے کشتی آپریٹر کو گرفتار کرلیا، مقدمہ درج

حادثے کے بعد سے لاپتہ لڑکی کی تلاش کے لیے چوتھے روز بھی ریسکیو آپریشن جاری

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 جولائی 2026 10:59

وادی کالام جھیل حادثہ؛ پولیس نے کشتی آپریٹر کو گرفتار کرلیا، مقدمہ ..
سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جولائی 2026ء) سوات کی وادی کالام میں واقع معروف سیف اللہ جھیل میں سیاحوں کی کشتی الٹنے کے واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کشتی آپریٹر کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر فوری ایکشن لیتے ہوئے حادثے کے ذمہ دار کشتی آپریٹر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس نے ملزم کے خلاف مجرمانہ غفلت اور حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ سیاحوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کو سزا دلائی جا سکے۔

ریسکیو 1122 کے حکام کا کہنا ہے کہ جھیل کے یخ بستہ اور گہرے پانی میں ڈوب کر لاپتا ہونے والی لڑکی کا سراغ لگانے کے لیے چوتھے روز بھی امدادی سرگرمیاں پوری طاقت سے جاری ہیں، ماہر غوطہ خور اور ریسکیو اہلکار جدید آلات کی مدد سے جھیل کا چپہ چپہ چھان رہے ہیں تاکہ لاپتہ لڑکی کو جلد سے جلد تلاش کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سیف اللہ جھیل میں پیش آنے والے اس ہولناک حادثے کے وقت کشتی میں لاہور سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 7 افراد سوار تھے جو سوات کی خوبصورت وادی میں چھٹیاں منانے آئے تھے، کشتی الٹنے کے نتیجے میں خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے تھے، اور ساتوین لڑکی لاپتہ ہوگئی جو تاحال لاپتہ ہے۔