علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کو آنلائن تعلیمی نظام عملی تربیت شروع کی جا رہی ہے، ریجنل ڈائریکٹرسیالکوٹ

بدھ 8 جولائی 2026 19:28

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کو آنلائن تعلیمی نظام   عملی تربیت ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر سیالکوٹ چوہدری حسن صفتیں چیمہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی طلبہ کو جدید آن لائن تعلیمی نظام سے مؤثر طور پر ہم آہنگ کرنے کے لیے ریجن بھر میں مفت رہنمائی و تعارفی سیشنز کا انعقاد کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان سیشنز کا مقصد طلبہ کو سی ایم ایس اورایل ایم ایس پورٹلز کے استعمال، کورسز تک رسائی، اسائنمنٹس اپ لوڈ کرنے کے طریقہ کار، آن لائن ورکشاپس، امتحانات، رول نمبر سلپس، نتائج اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات سے متعلق جامع اور عملی رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی تکنیکی دشواری کے بغیر اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سیشنز کے دوران سوال و جواب کا خصوصی اہتمام بھی کیا جائے گا تاکہ طلبہ کے تمام مسائل موقع پر ہی حل کیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

ریجنل ڈائریکٹر چوہدری حسن صفتیں چیمہ کے مطابق رہنمائی سیشنز کا آغاز جمعہ کو دوپہر 2 بجے ریجنل آفس علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی حاجی پورہ سیالکوٹ سے ہوگا، جبکہ اس کے بعد پیر کو صبح 10 بجے گورنمنٹ ہائی سکول فار بوائز ڈسکہ، منگل کو صبح 10 بجے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کچہری روڈ پسرور اور بدھ کو صبح 10 بجے گورنمنٹ مسلم عوامی ہائی سکول سمبڑیال میں بھی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے تمام طلبہ پر زور دیا کہ وہ مقررہ وقت پر ان مفت سیشنز میں شرکت کرکے یونیورسٹی کے آن لائن نظام سے متعلق اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔

متعلقہ عنوان :