علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے زیر اہتمام ریسرچ ایوارڈز 2026 کی تقریب کا انعقاد

بدھ 8 جولائی 2026 19:21

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی  کے زیر اہتمام ریسرچ ایوارڈز 2026 کی تقریب ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2026ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی) کے زیر اہتمام ریسرچ ایوارڈز 2026 کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔ تقریب میں مختلف فیکلٹیز کے ڈینز، پروفیسرز، پرنسپل افسران، فیکلٹی ممبران، محققین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا مقصد جامعہ میں معیاری تحقیق کے فروغ، تحقیقی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ، محققین اور طلبہ کی خدمات کا اعتراف کرنا تھا۔ اس موقع پر 118 فیکلٹی ممبران اور 51 طلبہ و طالبات سمیت مجموعی طور پر 171 محققین اور طلبہ کو ریسرچ گرانٹس، کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا جبکہ مختلف تحقیقی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے محققین کو خصوصی ایوارڈز بھی دیئے گئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ جامعات کی شناخت معیاری تحقیق سے قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق کسی بھی یونیورسٹی کی علمی ترقی، عالمی ساکھ اور قومی خدمت کا بنیادی ذریعہ ہے۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کو مزید مضبوط بنانے اور معاشرتی مسائل کے حل پر مبنی تحقیقی منصوبوں کی حوصلہ افزائی کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وائس چانسلر نے کہا کہ فیکلٹی آف سائنس سے 69 فیصد ریسرچ پروجیکٹس ایک خوش آئند اقدام ہے باقی تمام شعبہ جات میں بھی بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ، محققین اور طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اعلیٰ معیار کی تحقیق کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر جامعہ کا نام روشن کریں گے جبکہ دوسرے اداروں کے ساتھ بھی کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (او آر آئی سی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ محمداطہر نے کہا کہ او آر آئی سی جامعہ میں تحقیق کے فروغ، قومی و بین الاقوامی ریسرچ گرانٹس کے حصول، تحقیقی منصوبوں، سائنسی اشاعتوں، اختراعی سرگرمیوں اور صنعت و جامعہ کے اشتراک کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ وائس چانسلر نے پروجیکٹ گرانٹ کو ڈھائی لاکھ سے بڑھا کر دس لاکھ کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ او آر آئی سی محققین اور طلبہ کو تحقیق کے لیے سازگار ماحول، تکنیکی معاونت اور مالی وسائل کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے جس کے نتیجے میں جامعہ کی تحقیقی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :