نیلسن منڈیلا کی پوری زندگی صبر، استقامت اور جدوجہد کا روشن استعارہ ہے ‘مریم نواز

ہفتہ 18 جولائی 2026 23:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2026ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نیلسن منڈیلا کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ نیلسن منڈیلا کی پوری زندگی صبر، استقامت اور جدوجہد کا ایک روشن استعارہ ہے،نیلسن منڈیلا نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ نیلسن منڈیلا کا فلسفہ عدم تشدد، برابری اور انسانی حقوق کی پاسداری ہے، نسل پرستی اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے نیلسن منڈیلا کی خدمات تاریخ عالم کا حصہ بن چکی ہیں ۔

مسلم لیگ(ن) کی حکومت مساوات، انصاف اور رواداری پر مبنی معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ نیلسن منڈیلا ڈے کا مقصد لوگوں کو معاشرے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ترغیب دینا ہے۔دنیا کو بدلنے کے لیے تعلیم سب سے بہترین ٹول ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ جب تک غربت، ناانصافی اور عدم مساوات دنیا میں ہیں، تب تک کوئی بھی چین سے نہیں بیٹھ سکتا،ہر انسان دنیا کو بہتر بنانے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔