وزیرخزانہ کی ڈی ایف سی کے نمائندوں سے ملاقات، ترجیحی شعبوں میں ادارے کے بھرپور تعاون کی خواہش کا اظہار

بدھ 22 جولائی 2026 14:55

وزیرخزانہ کی ڈی ایف سی کے نمائندوں سے ملاقات، ترجیحی شعبوں میں ادارے ..
واشنگٹن ڈی سی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2026ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں امریکی انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن (ڈی ایف سی)کے نمائندوں سے ملاقات کی جس دوران توانائی، آئی ٹی، انفراسٹرکچر، معدنیات ،خوراک اور زراعت جیسے ترجیحی شعبوں میں ڈی ایف سی کے بھرپور تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ۔

بدھ کوفنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ توانائی، آئی ٹی، انفراسٹرکچر، معدنیات ،خوراک اور زراعت جیسے ترجیحی شعبوں میں ڈی ایف سی کے بھرپور تعاون کے خواہاں ہیں۔ وزیر خزانہ نے ڈی ایف سی کی جانب سے بندرگاہوں، ٹیلی کمیونیکیشن، آئی ٹی، توانائی، معدنیات، دواسازی، مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین کی بہتری جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مندرجہ بالا شعبوں پر ڈی ایف سی کی توجہ حکومت پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات سے مطابقت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈی ایف سی کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ سرمایہ کاری کے قابل منصوبوں کی نشاندہی کی جا سکے اور متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر قابلِ عمل کاروباری منصوبے تیار کیے جا سکیں۔ملاقات میں پاکستان میں ڈی ایف سی کی نمائندگی قائم کرنے کے امکان اور مستقبل میں امریکی کانگریس کے وفود کے ساتھ روابط سے متعلق امور بارے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔