وزیر تعلیم کے مستعفی ہونے تک جنتر منتر خالی نہیں کریں گے، کاکروچ جنتا پارٹی

جمعرات 23 جولائی 2026 17:11

وزیر تعلیم کے مستعفی ہونے تک  جنتر منتر خالی نہیں کریں گے، کاکروچ جنتا ..
نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2026ء) کاکروچ جنتا پارٹی ( سی جے پی)نے واضح کیا ہے کہ وہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے تک جنتر منتر پر جاری اپنا احتجاج ختم نہیں کرے گی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی جے پی کے بانی ابھیجیت ڈبکے نے ”ایکس “پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ سونم وانگ چک کی بھوک ہڑتال کے 25ویں روز بھی وزیر اعظم نے اپنی خاموشی نہیں توڑی ہے ، سیاست صرف انتخابی ریلیاں نکالنا اور انتخابات جیتنا نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظلم وستم کے باوجود آج بھی ہزاروں مظاہرین جنتر منتر پر موجودہیں ، پردھان منتری(وزیر اعظم) کو منتری(وزیر) دھرمیندر پردھان سے اتنا پیار کیوں ہے ؟انہوں نے کہا کہ سونم وانگ چک کی قربانی نے سارے ملک کے طلبا کو ایک نئی تحریک دی ہے ، انہیں اب اپنی بھوک ہڑتال ختم کرکے اپنی صحت کو ترجیح دینی چاہیے، مطالبات پورے ہونے تک ہمار ا احتجاج جاری رہے گا۔سی جے پی ترجمان آشو توش رانکا نے بھی بیان میں کہا کہ ہم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے تک یہ جگہ چھوڑنے والے نہیں ، نوجوان اب مزید خاموش نہیں رہیں گے ۔