پنجاب میں بارشی پانی کی نکاسی ہفتوں کے بجائے چند گھنٹوں میں مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم

ہفتہ 25 جولائی 2026 23:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2026ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ گزشتہ 10 روز سے جاری مسلسل مون سون بارشوں کے باوجود پنجاب بھر میں سڑکیں، بازار، گلیاں اور محلے صاف ہیں ،صوبائی انتظامیہ نے بروقت نکاسی آب کو یقینی بنا کر موثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ہفتہ کو جاری سرکاری اعلامیہ کے مطابق پنجاب میں موسلا دھار مون سون بارشوں کا طویل سلسلہ جاری ہے تاہم ماضی کے برعکس بارش کے پانی کی نکاسی ہفتوں کے بجائے چند گھنٹوں میں مکمل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خود ہر ضلع اور شہر میں نکاسی آب کے انتظامات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے دوران کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور واسا کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، چیچہ وطنی، گجرات، شیخوپورہ اور قصور سمیت مختلف شہروں میں نکاسی آب کا نظام پوری طرح فعال رہا، جس کے باعث بارش کا پانی فوری طور پر نکال لیا گیا۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں رات بھر بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ فوری نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے پورا ڈرینیج سسٹم متحرک رہا۔ لبرٹی رائونڈ ابائوٹ اور ملحقہ علاقوں میں واسا کی ٹیمیں مسلسل موجود رہیں اور کہیں بھی پانی کھڑا نہیں ہونے دیا گیا۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ سرکلر روڈ، شیرانوالہ گیٹ، فاروق گنج محلہ، مرکزی سڑکیں اور بازار مکمل طور پر کلیئر رہے، جبکہ مزنگ چونگی اور گرد و نواح میں کامیاب نکاسی آب کے باعث ٹریفک کی روانی برقرار رہی۔

رات بھر جاری بارش کے باوجود جین مندر چوک کو بھی فوری طور پر کلیئر کر دیا گیا اور آمدورفت بلا تعطل جاری رہی، جبکہ لکشمی چوک میں کئی گھنٹے جاری رہنے والی موسلا دھار بارش کے دوران واسا کی ٹیمیں مسلسل موجود رہیں اور کسی مقام پر پانی جمع نہیں ہونے دیا گیا۔