رواں سال 12 اگست کو ہونے والا مکمل سورج گرہن ایک غیر معمولی فلکیاتی واقعہ قرار

پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا،اس دوران دنیا کے چند علاقوں میں سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا نادر اور دلکش منظر دیکھنے کو ملے گا، جو کئی برسوں بعد نصیب ہوتا ہے،ماہرین

اتوار 26 جولائی 2026 18:10

رواں سال 12 اگست کو ہونے والا مکمل سورج گرہن ایک غیر معمولی فلکیاتی واقعہ ..
ْکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2026ء) رواں سال 12 اگست کو ہونے والا مکمل سورج گرہن ایک غیر معمولی فلکیاتی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس دوران دنیا کے چند علاقوں میں سورج غروب ہونے کے وقت مکمل گرہن کا نادر اور دلکش منظر دیکھنے کو ملے گا، جو کئی برسوں بعد نصیب ہوتا ہے۔امریکی خلائی ادارے ناسا کے مطابق مکمل سورج گرہن کا مشاہدہ صرف چند مخصوص خطوں تک محدود رہے گا، جن میں گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین کے شمالی علاقے اور پرتگال کا ایک محدود حصہ شامل ہیں۔

ان علاقوں میں چاند مکمل طور پر سورج کو ڈھانپ لے گا، جس سے دن کے وقت چند لمحوں کے لیے اندھیرا چھا جائے گا۔ماہرین فلکیات کے مطابق اس گرہن کی سب سے منفرد خصوصیت یہ ہے کہ اسپین کے بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن سورج غروب ہونے کے وقت ہوگا۔

(جاری ہے)

افق پر ڈوبتے سورج کے ساتھ مکمل گرہن کا منظر نہایت کم دیکھنے کو ملتا ہے، اسی لیے اس سال کا فلکیاتی واقعہ غیر معمولی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

ناسا کے مطابق یورپ اور شمالی افریقا کے متعدد ممالک میں مکمل گرہن تو نظر نہیں آئے گا، تاہم وہاں کے باشندے جزوی سورج گرہن کا مشاہدہ کر سکیں گے۔دوسری جانب روس بھی اس فلکیاتی مظہر کے حوالے سے منفرد حیثیت رکھتا ہے، جہاں ملک کے مختلف حصوں میں سورج گرہن مختلف اوقات میں دیکھا جائے گا۔ روس کے غیر آباد ٹائمیر جزیرہ نما (Taymyr Peninsula) میں جزوی سورج گرہن سورج طلوع ہونے کے وقت شروع ہوگا، جبکہ ملک کے مغربی حصے میں یہی جزوی گرہن سورج غروب ہونے کے وقت دیکھا جا سکے گا۔

ماہرین نے کہا کہ سورج غروب ہونے یا طلوع ہونے کے دوران گرہن کا نظارہ انتہائی نایاب سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ 12 اگست کا سورج گرہن فلکیات کے شوقین افراد اور سائنس دانوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔پاکستانی وقت کے مطابق جزوی سورج گرہن کا آغاز رات 10 بج کر 34 منٹ پر ہوگا، مکمل گرہن رات 12 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا، جبکہ یہ فلکیاتی مظہر رات 2 بج کر 58 منٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ سورج گرہن کو براہِ راست آنکھوں سے دیکھنے سے گریز کریں، کیونکہ اس سے بینائی کو مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔ گرہن کے مشاہدے کے لیے صرف معیاری سولر فلٹر چشمے یا منظور شدہ حفاظتی آلات کا استعمال کیا جانا چاہیے۔