دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 22 گھنٹے بعد بجلی بحال، کراچی کو پانی کی فراہمی شروع

بجلی بحال ہونے کے بعد پانی کی ترسیل کا نظام دوبارہ فعال کر دیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار پانی کی فراہمی بحال کی جا رہی ہے،ترجمان

پیر 27 جولائی 2026 16:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2026ء) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر 22 گھنٹے بعد بجلی بحال ہونے کے ساتھ ہی شہر کے متاثرہ علاقوں کو پانی کی فراہمی دوبارہ شروع کر دی گئی، جبکہ واٹر کارپوریشن نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ پانی کی سپلائی مرحلہ وار معمول پر لائی جا رہی ہے۔واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز صبح 8 بج کر 45 منٹ پر دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے تھرڈ فیز میں اچانک بریک ڈاؤن ہوا، جسے کے الیکٹرک نے کیبل فالٹ قرار دیا۔

فالٹ کے باعث پمپنگ اسٹیشن کے تین اہم پمپ بند ہو گئے تھے، جس سے شہر کو یومیہ 75 ملین گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ترجمان کے مطابق فالٹ کی اطلاع ملتے ہی کے الیکٹرک کی تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور مسلسل کام کے بعد تقریباً 22 گھنٹے میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی، جس کے بعد پمپنگ اسٹیشن نے دوبارہ کام شروع کر دیا۔

(جاری ہے)

بجلی کی طویل بندش کے باعث کراچی کے متعدد علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی۔ متاثرہ علاقوں میں نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور اسکیم 33 کے بعض علاقے شامل تھے۔واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے بتایا کہ بجلی بحال ہونے کے بعد پانی کی ترسیل کا نظام دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں مرحلہ وار پانی کی فراہمی بحال کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جا سکے۔